ٹرانس جینڈر بل پر جمعیت علماء اسلام کوئی معاہدہ نہیں کرے گاآئین میں ہر شخص اور ہر ادارے کے اختیارات درج ہے‘مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(ثبوت نیوز) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر ووفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جب تک ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوگی اس وقت تک ملک میں ٹھیک سے نظام نہیں چلے گا

ٹرانس جینڈر بل پر جمعیت علماء اسلام کوئی معاہدہ نہیں کرے گا اور نہ ہی بے حیائی کو معاشر ے میں فروغ دیں گے کسی کو لاڈلا بنانے سے ملک کا بہت نقصان ہوچکا ہے اب ملک کو آئین کے مطابق چلنے دیں

آئین میں ہر شخص اور ہر ادارے کے اختیارات درج ہے اور ہر جرم کی سزا بھی قانون کے مطابق موجود ہے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہاکہ سابقہ ادوار میں سابق وزرائے اعظم اور سابقہ وزراء کو معافی مانگنے کے باوجود نااہل کیاگیا

ایک ہی نوعیت کے کیسز میں دو قسم کے فیصلوں سے یہی تاثر دیا جارہا ہے کہ طاقت ور اور کمزور کے لئے الگ قانون ہے انہوں نے کہاکہ مبینہ دباؤ میں کیے گئے فیصلوں سے ملک کو نقصان ہوگا اور آج بھی یہی تاثر دیا جارہا ہے

کہ طاقت ور کے لئے ایک قانون اور کمزور کے لئے دوسرا قانون ہے اس طرح فیصلے کرنے سے ہمارے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوگا اس لئے ملک کے تمام ادارے ملک کے بہتر مفاد میں فیصلے کریں تاکہ کسی کو بھی مشکلات کا سامنا نہ ہو

مولانا عبدالواسع نے کہاکہ ٹرانس جینڈر بل کی جمعیت علماء اسلام نے نہ پہلے حمایت کی اور نہ آئندہ کریں گے جمعیت علماء اسلام نے ہر مشکل دور میں اس طرح بل کی مخالفت کی ہے اور آج بھی اگر اس طرح کوئی بل آتا ہے تو ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا

ہم اقتدار کی جنگ نہیں لڑرہے بلکہ اسلام کی سربلندی کی جنگ لڑرہے ہیں انہوں نے کہاکہ آج ایک مداری کا ہدف اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانا اور دوبارہ وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھنا ہے ملک پر ابھی اتنا بھی برا وقت نہیں آیا

کہ اس جیسے شخص کی غلامی کریں عمران نیازی کہتا ہے کہ وہ اگر آرمی چیف لگاتا ہے تو وہ ایماندار ہوگا اوراگر دوسرے سیاستدان آرمی چیف کا انتخاب کرتے ہیں تو وہ بے ایمان ہوگاآرمی چیف ایک آئینی تقرری ہے جس کیلئے پانچ نام بھیجے جاتے ہیں اورچار میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہے ہاں اگر عمران نیازی آرمی چیف لگاتا ہے تو انتخاب بس ایک شخص ہوگا، وہی شخص جس نے اس ملک کا بیڑا غرق کیا ہے