کوئٹہ(ثبوت نیوز) بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک کے صدر ملک رشید کاکڑ‘ سنیئرصحافی ظاہر خان ناصر نے کہا ہے کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت دیگر شہداء کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں
بلوچستان میں کام کرنے والی چند این جی اوز جو غیر ملکی فنڈز لیتی ہیں لیکن اس مشکل وقت میں وہ میدان سے غائب ہیں جوانکی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے حکومت ایسی این جی اوز کے خلاف کارروائی کرے
بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک بھی جلد ایسی این جی اوز کے خلاف احتجاج کریگااورانکے چہرے عوام کے سامنے نقاب کریں گے‘یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں فہمیدہ درانی‘حسینہ ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی
انہوں نے کہاکہ بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد ی سرگرمیوں کے دوران پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہیدہونے والے کمانڈڑ 12کورکوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی،ڈائریکٹرجنرل پاکستان کوسٹ گارڈزمیجرجنرل امجدحنیف سستی،انجینئرکورکے
بریگیڈیئر محمدخالد،پائلٹ میجرسعیداحمد،معان پائلٹ میجرمحمدطلحہ منان اورنائیک مدثرکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں پاک فوج کے افسران اورجوانوں نے سیلاب سے متاثرین کوریلیف فراہم کرنے کے دوران جام شہادت نوش کیا
بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک متاثرہ خاندانوں اورپاک فوج سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں حالیہ مون سون کی طوفانی اور سیلابی ریلوں سے جہاں بڑے پیمانے پر جانی نقصانات ہوئے ہیں وہی لوگوں کے گھر،مال مویشی،گھریلوسامان اور تیار فصلیں پانی کی نذر ہوگئی ہیں
اور لوگ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکے ہیں اور تاحال حکومت اور پی ڈی ایم اے کئی علاقوں میں متاثرہ افراد تک نہیں پہنچ سکے ہیں جس سے کوئی بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے
اور دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض بھی پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس سے نمٹنا اکیلے حکومت کے بس کا کام نہیں ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ یونیٹڈ نیشن کے اداروں اورعالمی ڈونرزسے متاثرین کی امدادکیلئے اپیل کرے
اور جو ڈونرز متاثرین کی امداد کرنا چاہتے ہیں انہیں فوری طور پر بلوچستان میں کام کرنے کیلئے این او سی جاری کرے تاکہ وہ متاثرین کی امداد کرسکیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک اپنے محدودوسائل کے اندر رہتے ہوئے سیلابی ریلوں اور بارشوں کے متاثرین کی امداد کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے
لیکن بارشوں اورسیلابی ریلوں سے ہونے والے نقصانات بہت زیادہ ہیں اور متاثرین فوری امداد کے منتظر ہیں ہم این جی اوز نیٹ ورک کے پلیٹ فارم سے حکومت پاکستان اورحکومت بلوچستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے یونائیٹڈ نیشن کے ریلیف ادارے
عالمی ڈونرزسے اپیل کرے تاکہ متاثرین تک بروقت امداد پہنچائی جاسکے۔بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک انشاء اللہ جلدہی اسلام آباد میں ”ڈونر کانفرنس“کا انعقاد کرکے متاثرین کی امداد کیلئے فنڈز اکٹھاکریگا انہوں نے کہاکہ بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک بلوچستان میں حالیہ مون سون کی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ میں برابر کا شریک ہے
اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا اورانکی ہرممکن امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے کے پاس عملہ محدود ہونے کی وجہ سے انہیں متاثرین تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے
ہم اس پریس کانفرنس کے توسط سے این ڈی ایم اے اورپی ڈی ایم اے کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے مدد لیں تاکہ متاثرین کی بروقت امداد کو یقینی بنایا جاسکے۔
بلوچستان این جی اوز نیٹ ورک بھی جلد ایسی این جی اوز کے خلاف احتجاج کریگا‘ ملک رشید کاکڑ
