جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے چلے گئے اس کو راستے پر لانا دو تین مہینے کا نہیں بلکہ دو تین سال کا کام ہے‘ مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(ثبوت نیوز)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جتنی گڑبڑ عمران خان کرکے چلے گئے اس کو راستے پر لانا دو تین مہینے کا نہیں

بلکہ دو تین سال کا کام ہے، عمران خان کو عوام میں جانے دو، عوام خود پوچھ لیں گے کہ ملک کا برا حال کیوں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اداروں کے سربراہان کو تقریر کا موضوع بنانا روایت بن گئی ہے

صدرمملکت اور گورنر پنجاب ماورائے آئین اقدامات کررہے ہیں۔ریاست کے سربراہ کے طور پر آئین کا تحفظ کیا انکی ذمہ داری نہیں؟ریاست کے ذمہ دار انتہائی غیرذمہ دارانہ روش اپنا چکے ہیں۔سیاست کو پہلے ہی بدنام کیا جاچکا ہے، ریاست کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ کھلواڑ کیا ملک دشمنی نہیں؟ملک میں تصاد م کے ماحول کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے

اقتدار کی جنگ کا مقابلہ عوامی مسائل میں اضافے کا سبب بنے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں برداشت کا فقدان ارادتاً پیدا کردیا گیا ہے۔برداشت اور رواداری کے فقدان اور سیاست میں شائستگی کے خاتمے کے مضر اثرات رونما ہوئے ہیں سیاست میں احترام کے رشتوں کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ملک اور عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔سیاسی غیرسنجیدگی سے افراتفری کا ماحول پیدا ہوچکا ہے۔سیاسی جماعتیں سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ حکومت و اپوزیشن کی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں

انہوں نے کہا کہ سیاسی کلچر کو بدنام کیا جارہا ہے، عوامی مسائل حل کرنا وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔بدامنی اور مہنگائی نے عوام کو جینے کے قابل نہیں چھوڑا، یہی اصل مسائل ہیں۔لڑانے اور جلانے کے ماحول کو فروغ دینا ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے

عوام آئین کی بالادستی اور قانون کی عملداری چاہتی ہے جس سے کوئی بالاتر نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کام کریں گے 29 مئی کو صوبہ کے عوام جمعیت علماء اسلام کو کامیاب کرائیں۔