ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا ڈیرہ بگٹی میں متعلقہ محکموں کے اشتراک سےپانی کی کمی اور ہیضے کی وباء کے حوالے سے انسدادی اقدامات پر تفصیلی غور

کوئٹہ(ثبوت نیوز)ہیضے کی وباء کی روک تھام ، پینے کیلئے شفاف پانی کی فراہمی ، بلدیاتی انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان اور مجموعی ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کیلئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس ڈیرہ بگٹی میں ہوا۔

اجلاس میں سیکٹر کمانڈر ایسٹ فرنٹیئر کوربلوچستان نارتھ، ڈی سی ڈیرہ بگٹی ، ڈی پی او ڈیرہ بگٹی، کمانڈنٹ بمبور رائفلز، کمانڈنٹ سوئی رائفلز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ڈیرہ بگٹی کے عمومی سیکورٹی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے

کہ پولیس اور لیویز کی استعداد کار میں اضافہ، تربیت اور بہترین استعمال کیلئے فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ) لیویز اور پولیس کو زیادہ سے زیادہ امدادی ریفریشر ٹریننگ فراہم کرے گی۔ ہیضہ کی وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مبنی بریفنگ میں شرکاء کو بتایا گیا

کہ پیرکوہ میں ہیضے کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے تاہم اینٹی بائیوٹک سیپروکسین کی بروقت فراہمی مؤثر ثابت ہوئی اور زیادہ تر مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ بنیادی صحت یونٹس کا بوجھ بانٹنے کے لیے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) پیرکوہ کی عمارت میں ایک خصوصی کولیریا یونٹ قائم کیا گیا

ہے جبکہ تین اضافی ایمبولینسیں بھی سٹینڈ بائے پر رکھی گئی ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی چھ رکنی ٹیم جان بچانے والی دوائیں لے کر پیرکوہ پہنچ گئی ہے اور آلودگی کے ذرائع کا پتہ لگانے کے لیے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید براں آبی ذخائر کی صفائی اور پانی کی کلورینیشن کا کام شروع ہو چکا ہے جو کہ 12 مئی تک مکمل ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں، سول انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے اور ہنگامی ٹول فری نمبر مقامی لوگوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے

عوام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے پیر کوہ کے علاقے میں ایک تازہ بور کی کھدائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ پتھر نالے میں تازہ بور کے لیے کھدائی جلد ہی شروع ہو جائے گی ۔

اس کے علاوہ فرنٹیئر کور، ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے 12 واٹر بوزر مقامی لوگوں کو پانی فراہم کر رہے ہیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بھتہ خوری کیخلاف اینٹی پھوری مہم میں فرنٹیئرکور، لیویز اور پولیس کے ساتھ ہم آہنگ ہوگی

ڈیرہ بگٹی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع سیکیورٹی میکنزم تیار کیا جا رہا ہے۔ حساس پولنگ اسٹیشنز اور امیدواروں کی شناخت کا کام جاری ہے۔ اجلاس کے آخر میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ فالو آپ ڈویژن کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس اگلے ہفتے سبی میں منعقد کیا جائے گا

تاکہ فرنٹیئر کوربلوچستان نارتھ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے مربوط کوششیں جاری رکھیں۔