معزز اراکین اسمبلی کے گھروں اور سندھ ہاؤس میں جو حملہ کیا وہ جمہوریت پر بدنام داغ ہے‘اپوزیشن جماعتیں

کوئٹہ(ثبوت نیوز)اپوزیشن جماعتوں میں شامل پی ڈی ایم کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی نظر آنے کے بعد حکومتی وزراء اور اراکین بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر معزز اراکین اسمبلی کے گھروں اور سندھ ہاؤس میں جو حملہ کیا

وہ جمہوریت پر بدنام داغ ہے سپریم کورٹ نے جو فیصلہ کیا کہ حکومت اور اپوزیشن آئین میں رہتے ہوئے عدم اعتماد کا فیصلہ کریں وہ خوش آئند ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سپریم کورٹ از خودنوٹس میں فریقین کو طلب کرکے

ان کو نااہل کیا جائے‘یہ بات جمعیت علماء اسلام کے اراکین اسمبلی حاجی محمد نواز کاکڑ‘ سید عزیز اللہ آغا‘مولوی نوراللہ‘بی این پی کے اراکین اسمبلی حاجی احمد نواز بلوچ‘ میر اکبر مینگل اور مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر حاجی جمال شاہ کاکڑ نے

گزشتہ روز اسلام آباد واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہی‘ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں نے دل پر پتھر رکھ کر چار سال سلیکٹڈ اور نااہل حکمرانوں کو برداشت کیا اور بالآخر جب مجبور ہو کر تو اس کے خلاف جمہوری طریقے سے

عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیالیکن موجودہ حکومت کے سربراہ جو ہر فورم پر آکر سرعام غیر مہذب اور بداخلاقی پر مبنی تقریر کرتے ہیں اور اپنے کارکنوں کو جذبات میں لا کر ان سے حالات خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے

لیکن ہم اس طرح حالات خراب نہیں ہونے دینگے بلکہ جمہوری طریقے کے ساتھ معزز عدالت کی طرف بھی دیکھ رہی ہے اور سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس سے متعلق جو ازخود نوٹس لے لیا وہ خوش آئند ہے امید ہے

کہ سپریم کورٹ عدم اعتماد کے حوالے سے بھی ایسا فیصلہ کریں تاکہ حالات خراب ہونے سے بچ سکیں۔