آرمی چیف جنرل عاصم منیر،جنرل سحر شمشاد مرزا،ائیر چیف مارشل اور ڈی جی آئی ایس آئی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو رخصت کیاکمان تبدیلی تقریب:پرویز خٹک،اسد قیصر اور فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کی نمائندگی کی

راولپنڈی(ثبوت نیوز)سبکدوش آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل سحر شمشاد مرزا،پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر،ڈی جی آئی ایس آئی اور اعلیٰ فوجی افسران نے جی ایچ کیو سے رخصت کیا

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انہوں نے بطور آرمی چیف اپنی 6 سالہ مدت کے دوران ملک و قوم کے لئے جو ہو سکتا تھا وہ کیا اور وہ اس سے مطمئن ہیں

انہوں نے اس موقع پر نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی طرف دیکھتے ہوئے کہا کہ اب کمانڈ ان کے حوالے ہے اور یہ بہترین آفیسر ہیں،اس موقع پر جنرل باجوہ اپنے سکیورٹی سٹاف سے بھی ملے اور بعد ازاں انہیں پورے پروٹوکول کے ساتھ جی ایچ کیو سے رخصت کیا گیا

آرمی چیف کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب میں فوج اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید کرنے والی جماعت تحریک انصاف کی بھی بھر پور نمائندگی نظر آئی،تحریک انصاف کے سینئر رہنما پرویز خٹک،سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈابھی تقریب میں شریک ہوئے

جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی جن کا تعلق تحریک انصاف سے ہے،صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری،وزیر اعظم سردار تنویر الیاس

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے بھی شرکت کی،تحریک انصاف کے رہنما تقریب میں شرکت کے بعد خاموشی سے چلے گئے جبکہ فیصل واوڈا مختلف اعلیٰ فوجی افسران سے ملتے نظر آئے

وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پرامن اور خوشگوار ماحول میں پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی ہوئی ہے جو خوش آئند ہے،تحریک انصاف نے اس معاملے کو بھی متنازع بنانے کی کوشش کی تھی

مگر انہیں ناکامی ہوئی،صحافیوں سے راولپنڈی میں تقریب کے بعد غیر رسمی گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سب کچھ خوش اسلوبی سے طے ہوا ہے اور اب ملکی معاملات میں بھی بہتری آئے گی،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نئے آرمی چیف ایک انتہائی پیشہ

ور اور بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں امید ہے کہ ان کی قیادت میں پاک فوج مزید ترقی کے منازل طے کرے گی،انہوں نے اس موقع پر نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد بھی دی.