حکومت ربیع الاول کو سرکاری طور پر ہفتہ وحدت مسلمین کے طور پر منانے کا اعلان کرے یہ مبارک مہینہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا مہینہ ہے‘علامہ مقصودڈومکی

کوئٹہ(ثبوت نیوز) سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں نے علامہ مقصودعلی ڈومکی،حافظ نورعلی،علامہ شیخ جعفری،پیرحبیب اللہ چشتی،عبدالولی خان شاکر،اقتداراحمد،نصیب اللہ درانی،آغاسہیل احمدشیرازی،قاری سجاد،عبدالہادی کاکڑنے کہا ہے کہ ربیع الاول کے ان مبارک ایام میں 12 سے 17 ربیع الاول کو سرکاری طور پر ہفتہ وحدت مسلمین کے طور پر منانے کا اعلان کرے

جس سے ملک میں اتحاد اور اخوت کی فضا کو فروغ حاصل ہوگا۔ ہم اس موقع پر عالم اسلام کے ان اکابرین کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اتحاد امت کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ حضرت علامہ اقبال سید جمال الدین افغانی امام خمینی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی شاہ احمد نورانی علامہ سید عارف حسین الحسینی و دیگر علماء و اکابرین کی اتحاد امت کے لئے کاوشیں قابل تعریف ہیں

یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی‘انہوں نے کہاکہ یہ مبارک مہینہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا مہینہ ہے۔ کیونکہ پیغمبر اسلام کی ذاتِ گرامی پوری امت مسلمہ کے لئے نکتہ اتحاد ہے۔

آج انسان دشمن سامراجی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت امت مسلمہ کے درمیان فروعی اختلاف کو ہوا دیکر ان کے درمیان نفرتوں کی فضا پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ لڑاو اور حکومت کرو کی پالیسی کے علمبردار اپنے شیطانی منصوبوں کی تکمیل کے لئے اتحاد امت کو سب سے بڑی دیوار سمجھتے ہیں۔

اثحاد امت مسلمہ کے متعلق قرآن کریم اور احادیث مبارکہ میں بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔ واعتصموا بحبل اللہ جمیعا ولا تفرقوا۔ اور سب مل کر اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ نہ کرو۔ تفرقہ و انتشار شیطانی عمل ہے۔

حکیم الامت حضرت علامہ اقبال امت مسلمہ کے درمیان اتحاد پر زور دیتے ہوئے تفرقے سے نالاں تھے انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ حدیث مبارک کی روشنی میں جسد واحد کی طرح ہے کہ اگر جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو پورا جسم اس درد کو محسوس کرتا ہے۔

اس لئے ہم اس مبارک مہینے میں کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ وطن عزیز پاکستان میں صدیوں سے شیعہ سنی مسلمان آپس میں بھائی بھائی بن کر رہتے ہیں

جن کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کے لئے اسلام دشمن عالمی سامراجی قوتوں نے بڑی منصوبہ بندی کی۔ ہمیں دشمن کی سازشوں پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے اور آپس میں اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان میں دینی جماعتوں کے اتحاد ملی یکجہتی کونسل نے اتحاد بین المسلمین کے سلسلے میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔

عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک موقع پر اھل تشیع اپنے اھل سنت بھائیوں کا ملک بھر میں استقبال کریں گے اور عید میلاد النبی کے جلوسوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کریں گے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح محرم اور صفر کے مہینوں میں شیعہ سنی مسلمانوں نے مل کر نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا سے اپنے عشق اور عقیدت کا اظہار کیا اسی طرح ماہ ربیع الاول میں مل کر عشق رسول اور اتحاد بین المسلمین کا عملی اظہار کریں گے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ربیع الاول کے ان مبارک ایام میں 12 سے 17 ربیع الاول کو سرکاری طور پر ہفتہ وحدت مسلمین کے طور پر منانے کا اعلان کرے جس سے ملک میں اتحاد اور اخوت کی فضا کو فروغ حاصل ہوگا۔

ہم اس موقع پر عالم اسلام کے ان اکابرین کو خراج تحسین اور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اتحاد امت کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ حضرت علامہ اقبال سید جمال الدین افغانی حضرت امام خمینی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی شاہ احمد نورانی علامہ سید عارف حسین الحسینی و دیگر علماء و اکابرین کی اتحاد امت کے لئے کاوشیں قابل تعریف ہیں۔