جام حکومت مکمل ناکام ہو کر آئے روز عوام کیلئے مشکلات پید اکررہی ہے‘ سیاسی جماعتیں

کوئٹہ(ثبوت نیوز)سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے کہا ہے کہ جام حکومت مکمل ناکام ہو کر آئے روز عوام کیلئے مشکلات پید اکررہی ہے جس سے پورا بلوچستان مشکلات کا شکار ہے حکومت گرینڈ الائنس کے 25فیصد تنخواہوں میں اضافے کو فورا حل کرتے ہوئے

مذاکرات کا آغاز کرے نہ ہونے کی صورت میں مزید کوئٹہ شہر کو مشکلات سے بچانے کیلئے ہم دھرنے والوں کے ساتھ دیں گے‘ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع‘ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان کاکڑ‘پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر حاجی جمال شاہ کاکڑ اور دیگر نے سرکاری ملازمین کے دھرنے کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا‘

انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین نے اپنے جائز حقوق کیلئے گزشتہ دس دنوں سے ایدھی چوک پر دھرنا دیکر جمہوری اور آئینی طریقے سے صوبائی حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ 25فیصد تنخواہوں میں اضافہ کرکے ہمارے مطالبات حل کیے جائیں

لیکن حکومت کے سربراہ جام کمال خان اپنی نااہلی چھپانے کیلئے سرکاری ملازمین کے وسائل حل کرنے کی بجائے سرکاری ملازمین کے خلاف ٹوئٹ اور ویڈیو جاری کرتے ہیں

انہوں نے کہاکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ ایک حکومت کے خلاف لوگ زیادہ تعداد میں روڈوں پر نکلتے ہیں جس کا اعتراف حکومتی رکن اور بلوچستان اسمبلی کے سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے چیئر کے دوران رولنگ دیتے ہوئے کہی تھی

اور حکومت پر تنقید بھی کی کہ میرے دور سیاست میں آج تک اتنی زیادہ تعداد میں دھرنے اور مظاہرے نہیں دیکھیں جس طرح موجودہ حکومت کے دور میں جاری ہے حکومت اگر اس طرح عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے پھر انہیں رہنے کا حق بھی نہیں ہے

اگر ایک حکومتی رکن اس طرح مطالبہ کرے تو پھر وزیراعلیٰ کا اخلاقی طور پر فرض بنتا ہے کہ وہ استعفیٰ دیکر گھر چلے جائیں انہوں نے کہاکہ آج بھی وقت ہے کہ کوئٹہ شہر کو مزید مشکلات سے بچانے کیلئے سرکاری ملازمین کے مطالبات حل کیے جائیں نہ ہونے کی صورت میں بلوچستان کے تمام سیاسی جماعتیں سرکاری ملازمین کے ساتھ ملکر احتجاج کریں گے۔