عدالت کا آصف زرداری کے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم

اسلام آباد(ثبوت نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں 28 جنوری تک توسیع کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تو سابق صدر کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی۔

عدالت نے آصف زرداری کے طبی معائنہ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا۔عدالت نے میڈیکل بورڈ کو 28 جنوری کو آصف علی زرداری کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم قمر کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ کی تشکیل پر نیب اور آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے رضامند ظاہر کی۔جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے وہ باتیں نہیں ہونی چاہئیں جو پہلے والے میڈیکل بورڈز کی رپورٹس پر ہوتی رہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے اس کیس میں آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔