چاغی، دریگون میں نجی کمپنی پر مسلح افراد کا حملہ، غیر ملکی باشندے سمیت 10 افراد جاں بحق تیل کے ذخیرے کو آگ لگنے سے 6 افراد جھلس گئے، سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن شروع

کوئٹہ(نیوزڈیسک)چاغی کے ضلعی صدر مقام دالبندین سے شمال مغرب میں واقع پاک افغان سرحدی علاقے دریگون میں گزشتہ شب مسلح افراد نے ایک نجی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر دیا

جس کے نتیجے میں غیر ملکی انجینئر اور حفاظتی اہلکاروں سمیت 10 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق پرنس فہد ہسپتال دالبندین میں اب تک دو لاشیں اور پانچ زخمی لائے جا چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ترک باشندہ اور دالبندین سے تعلق رکھنے والے دو مقامی سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں

جبکہ دیگر کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے۔ذرائع کے مطابق دریگون کے علاقے میں این آر ایل کمپنی تانبے اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی کہ گزشتہ شام مسلح افراد نے دھاوا بول دیا۔ حملے کے دوران شرپسندوں نے تیل کے ذخیرے کو آگ لگا دی، جس کے باعث 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے

جبکہ 4 افراد فائرنگ کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گئے۔ واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سرکاری حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔