ای سی سی اجلاس،نے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے لیے تقریبا 6 ارب‘کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے 10 کروڑ منظور ہاکی ٹیم کو3کروڑ روپے کے انعامات اورنیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفر میشن اور اے آئی سسٹم کیلئے 37کروڑ 20 لاکھ کی منظوری

اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے لیے تقریبا 6 ارب‘کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ‘ہاکی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے پر 3 کروڑ روپے کے انعامات اورنیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفر میشن اور اے آئی سسٹم کے لیے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی ہے

جبکہ جبری مشقت کے ذریعے تیار کردہ اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی اور قیمتوں میں استحکام پر ای سی سی کا اظہار اطمینان کیا گیا اور بتایا گیا کہ اشیائے ضروریہ خصوصا ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرارہے

اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ منظورکی۔ پاکستان نیشنل ہاکی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائی کرنے پر 3 کروڑ روپے کے انعامات کی منظوری دی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق نیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفر میشن اور اے آئی سسٹم کے لیے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے لیے تقریبا 6 ارب

روپے کی رقم منظورکی، ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان میں تعینات افسران کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کے تحت 31 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی۔کمیٹی نے جبری مشقت کے ذریعے تیار کردہ اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی مرمت کے بعد دوبارہ برآمد کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی

اعلامیہ کے مطابق گوادر ڈونکی سلاٹر ہاؤس سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کے حوالے سے تجاویز منظورکی گئیں اور اجلاس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ جاری رکھنے اور سپلائی چین بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی۔#/s# ٭٭٭٭٭٭٭٭