قومی انسدادِ پولیو مہم جاری، پہلے روز 1 کروڑ 37 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر متحرک، وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے

اسلام آباد (آن لائن) نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق 2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم ملک بھر میں دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری ہے، جس کے دوران ہزاروں پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلا رہی ہیں

nیشنل ای او سی کے مطابق اس مہم میں 4 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جبکہ بچوں کو پولیو ویکسین کے ساتھ وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی قوتِ مدافعت میں اضافہ کیا جا سکے۔رپورٹ کے مطابق مہم کے پہلے روز ملک بھر میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 37 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی۔

صوبائی سطح پر پنجاب میں 72 لاکھ 33 ہزار سے زائد، سندھ میں 30 لاکھ 80 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 22 لاکھ 78 ہزار سے زائد، جبکہ بلوچستان میں 7 لاکھ 2 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔اسی طرح اسلام آباد میں 1 لاکھ 43 ہزار، گلگت بلتستان میں 96 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 2 لاکھ 43 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی

نیشنل ای او سی کے مطابق یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت جاری ہے اور 13 سے 19 اپریل تک بلا تعطل جاری رہے گی۔حکام نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور بنا سکتی ہے، اس لیے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔

عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں۔ کسی بھی معلومات یا شکایت کے لیے 1166 پر کال یا 03467776546 پر واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔#/s#