بی ایم سی سے کالعدم تنظیم سے وابستہ لڑکی گرفتار، دہشت گردوں کی معاونت کے شواہد مل گئے ملزمہ کو قانونی طریقہ کار کے تحت انٹرنمنٹ سینٹر منتقل کر دیا گیا، افواہوں سے گریز کیا جائے، حکام

کوئٹہ(نیوزڈیسک)صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی حکام نے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (BMC) میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک کالعدم تنظیم سے وابستہ لڑکی کو گرفتار کر لیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمہ کے خلاف دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کے واضح اور ٹھوس شواہد منظرِ عام پر آئے تھے، جس کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ لڑکی کو رائج قوانین اور ایس او پیز کے تحت انٹرنمنٹ و ڈٹینشن سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے ملزمہ کی حراست کے باقاعدہ احکامات جاری کیے گئے تھے، جبکہ قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اہل خانہ کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام تر کارروائی شفاف انداز میں مکمل کی جا رہی ہے، لہذا عوام سے اپیل ہے کہ اس حوالے سے کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع یا افواہ کو پھیلانے سے مکمل گریز کریں۔