سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، 3 شہری جاں بحق، 2 زخمی مسلح حملہ آوروں کی اندھا دھند فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب

کوئٹہ(نیوزڈیسک)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مصروف ترین علاقے سریاب روڈ پر فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے سریاب روڈ پر شہریوں کو نشانہ بنایا اور واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ہارون ولد جمیل، غفور ولد وحید بخش اور نصیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت عبدالحفیظ اور جمیل کے نام سے ہوئی ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی ہے اور مختلف پہلوں پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد ہی انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔