جیوانی کے سمندر میں کوسٹ گارڈ کی کشتی پر مسلح افراد کا حملہ، تین اہلکار شہید ساحلی پٹی پر سیکیورٹی ہائی الرٹ، حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع

جیوانی(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ساحلی قصبے جیونی کے قریب سمندر میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستان کوسٹ گارڈ کی گشتی کشتی پر بزدلانہ حملہ کیا ہے

جس کے نتیجے میں تین اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ذرائع کے مطابق شہدا میں نائیک افضل، سپاہی جمیل اور سپاہی عمیر شامل ہیں، جو معمول کے مطابق سمندری حدود کی نگرانی اور گشت پر مامور تھے کہ اچانک نامعلوم سمت سے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔

حملہ اتنا اچانک اور منظم تھا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد سمندری راستے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

اس المناک واقعے کے بعد جیوانی اور گوادر سمیت پوری ساحلی پٹی پر سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور تمام حساس مقامات پر ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ کوسٹ گارڈ، پاک بحریہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سمندر اور خشکی پر حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اسے ساحلی سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔ شہدا کی میتوں کو ضروری کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کیا جائے گا

جبکہ سیکیورٹی ذرائع نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والوں کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور ملوث عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔