الیکشن کمیشن نے میر ظفر اللہ خان زہری کی اسمبلی رکنیت بحال کر دی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر معطلی، دستاویزات جمع ہونے پر بحالی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد/کوئٹہ(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی اسمبلی بلوچستان کے رکن میر ظفر اللہ خان زہری کی رکنیت بحال کر دی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میر ظفر اللہ خان زہری کی رکنیت اس وقت معطل کی گئی تھی

جب انہوں نے اپنے اثاثوں اور واجبات کی سالانہ تفصیلات مقررہ وقت میں جمع نہیں کرائی تھیں۔ الیکشن قوانین کے تحت تمام ارکان اسمبلی پر لازم ہے کہ وہ اپنی مالی تفصیلات بروقت جمع کرائیں

بصورت دیگر ان کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔تاہم اب رکن صوبائی اسمبلی کی جانب سے مطلوبہ اثاثہ جات اور واجبات کی تفصیلات جمع کرانے کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

سیاسی و قانونی ماہرین کے مطابق یہ اقدام الیکشن قوانین پر عملدرآمد کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ بروقت دستاویزات جمع کرانے سے منتخب نمائندے اپنی آئینی ذمہ داریاں بحال رکھ سکتے ہیں۔