1کوئٹہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈان، 116ملزمان گرفتار پولیس کارروائیوں میں 4 گاڑیاں، 56 موٹر سائیکلیں اور 14 موبائل فون برآمد

کوئٹہ(نیوزڈیسک)آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کی ہدایت پر ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد آصف خان کی نگرانی میں امن و امان کی بہتری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران گزشتہ تین ماہ میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں

ترجمان پولیس کوئٹہ کے مطابق کارروائیوں کے دوران 4 گاڑیاں، 56 موٹر سائیکلیں اور 14 موبائل فون برآمد کرکے 116 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے والے گروہوں کے خلاف کریک ڈان کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے رمضان المبارک سے قبل دی گئی حکمت عملی کے تحت مختلف کارروائیوں میں متعدد وارداتیں ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا اور چھینی گئی موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں

پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں موٹر سائیکل چھیننے والے 2 ملزمان ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان وارداتوں کو ناکام بنانے اور گرفتاری سے بچنے کے لیے اکثر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرتے ہیں

تاہم پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ترجمان پولیس کوئٹہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کی اطلاع فوری طور پر پولیس کنٹرول روم کے نمبرز 9202555، 9202777 یا ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کے قیام میں مدد مل سکے۔