پی بی 36 قلات، 10 مارچ کو 7 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کے انتظامات مکمل صوبائی الیکشن کمشنر کی شفاف و پرامن پولنگ یقینی بنانے کے لیے سخت ہدایات

کوئٹہ(نیوزڈیسک)صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق حلقہ پی بی 36 قلات کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کل 10 مارچ کو ہوگی

جس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ری پولنگ میں کل 8 ہزار 838 رجسٹرڈ ووٹرز (5 ہزار 517 مرد اور 3 ہزار 321 خواتین) اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قائم کیے گئے 7 پولنگ اسٹیشنز میں ایک مردانہ، ایک خواتین اور 5 مشترکہ اسٹیشنز شامل ہیں، جن میں کل 24 پولنگ بوتھ (17 مردوں اور 7 خواتین کے لیے) بنائے گئے ہیں۔

اس انتخاب میں 36 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان علی اصغر صیال نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں

کہ ری پولنگ کا عمل آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ماحول میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے اور ضابطہ اخلاق کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ری پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔