تفتان بارڈر،ایران سے پاکستانیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری، مزید 149 افراد وطن پہنچ گئے کشیدہ صورتحال کے بعد اب تک مجموعی طور پر 2660 پاکستانیوں کو بحفاظت ملک پہنچایا جا چکا ہے

چاغی (نیوزڈیسک)ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر تفتان بارڈر کے راستے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے

۔ ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی کے مطابق ایران سے مزید 149 افراد تفتان بارڈر پہنچ گئے ہیں، جن میں 53 زائرین، 3 سیاح، 8 بزنس مین اور 4 ورک ویزا ہولڈرز شامل ہیں

اس تازہ آمد کے بعد اب تک وطن واپس پہنچنے والے پاکستانیوں کی کل تعداد 2660 تک پہنچ گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پاکستان ہاس تفتان میں آنے والے تمام پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام شہریوں کو سخت سیکیورٹی میں قافلوں کی صورت میں کوئٹہ روانہ کیا جا رہا ہے، جہاں سے وہ اپنی منزل مقصود اور آبائی شہروں کا رخ کرتے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ وطن واپسی کے اس عمل کی خود نگرانی کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔