چاغی، تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے مزید 532 پاکستانیوں کی وطن واپسی مجموعی تعداد 2511 تک پہنچ گئی، آنے والے افراد کو قافلے کی صورت میں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا

چاغی(نیوزڈیسک)تفتان بارڈر کے راستے ایران سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آج مزید 532 افراد خیریت سے پاکستان پہنچ گئے ہیں

جن میں 360 زائرین، 146 طلبہ، 24 ڈی پورٹیز (بے دخل ہونے والے)اور 2 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب نور شاہوانی کے مطابق ایران سے اب تک مجموعی طور پر 2511 افراد تفتان بارڈر کے ذریعے وطن واپس آ چکے ہیں۔

بارڈر پر پہنچنے والے تمام افراد کو ابتدائی طور پر رہائش، خوراک اور دیگر ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ انتظامیہ نے مزید بتایا کہ

آج آنے والے 532 افراد کو سخت سیکیورٹی میں قافلے کی شکل میں کوئٹہ کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں سے وہ اپنے آبائی علاقوں کو جائیں گے۔