بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 15 دہشت گرد ہلاک ہرنائی اور بسیمہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد

کوئٹہ (نیوزڈیسک)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے دو مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 15 دہشت گردوں (خوارج)کو جہنم واصل کر دیا ہے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق، پہلی کارروائی ضلع ہرنائی میں کی گئی، جہاں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔دوسری کارروائی ضلع بسیمہ میں عمل میں لائی گئی، جس میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں مثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

اس آپریشن کے دوران مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور سکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔

آپریشن کے دوران ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہیں

تاکہ کسی بھی مزید مشکوک عنصر کا خاتمہ کیا جا سکے، اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔