تفتان میں گیس بوزر گاڑی میں آگ لگنے سے 2افراد جاں بحق، 4 جھلس گئے فلنگ کے دوران اچانک آگ بھڑکی، ایرانی فائر بریگیڈ نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا,ایس ایچ او محمد حکیم

چاغی(نیوزڈیسک)چاغی کے پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں گیس سے بھری بوزر گاڑی میں فلنگ کے دوران اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں چار افراد جھلس گئے

جن میں سے دو جاں بحق ہوگئے جبکہ دو زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ایس ایچ او تفتان محمد حکیم کے مطابق ایران سے گیس سے بھری بوزر گاڑیاں تفتان بارڈر پر آتی ہیں اور اپنی گیس پاکستانی بوزر گاڑیوں میں منتقل کرکے واپس چلی جاتی ہیں۔

فلنگ کے دوران اچانک بوزر گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث زور دار دھماکہ بھی ہوا۔پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور قریبی گاڑیوں اور افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں قریب واقع دس سے گیارہ دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

حکام کے مطابق آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ آگ بجھانے کے عمل میں چار ایرانی فائر بریگیڈ گاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔