بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کرنے والا کراچی پولیس کا ایک اور افسر گرفتار

کوئٹہ(ثبوت نیوز) بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کے لیے کام کرنے والے کراچی پولیس کے ایک اور افسر کو گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے کراچی میں غیر ملکی خفیہ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے را کے نیٹ ورک کے لیے سرگرم اسپیشل برانچ پولیس کے افسر کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے ذرائع کا بتانا ہے کہ اے ایس آئی مصور نقوی بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کا اہم رکن ہے، گرفتار ملزم کراچی ائیرپورٹ پر سرویلنس یونٹ میں ڈیوٹی کر رہا تھا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم 1991 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور محمود صدیقی کی ہدایت پر ملزم کو رقم فراہم کی جاتی تھی۔

ایف آئی اے حکام کا بتانا ہے کہ ملزم سال 2008 میں را نیٹ ورک کی ٹریننگ کے لیے انڈیا بھی جا چکا ہے، ملزم ائرزپورٹ پر ساتھیوں کی آمدورفت میں سہولت کاری بھی کرتا تھا۔